آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کیلئے سری لنکا سے گارنٹی مانگ لی

577

عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے سری لنکا کو قرض کی فراہمی سے پہلے گارنٹی مانگ لی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اسے سری لنکا کے لیے نئے قرض پروگرام کی تیاری کے لیے قرض دہندہ سے مناسب یقین دہانی کی ضرورت ہے۔آئی ایم ایف نے کہا کہ ہماری ٹیم کے جلد سری لنکا کے دورے کا مقصد اسٹاف لیول معاہدے پر پیشرفت ہے اور جلد ہی امدادی پیکج کے ذریعے سری لنکن قوم کی مدد کرنا ہے۔آئی ایم ایف کے مطابق اس کی ٹیم سری لنکا سے معاہدے کے سلسلے میں 24 سے 31 اگست کے درمیان کولمبو کا دورہ کرے گا۔آئی ایم ایف کا کہنا ہےکہ سری لنکا کے سرکاری قرض کو غیر مستحکم سمجھا جارہا ہے اس لیے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے لیے ملک کے دہندگان کی طرف سے ایک مناسب یقین دہانی ضروری ہے جس کے بعد آئی ایم ایف سری لنکا کے قرض پروگرام کو بحال کرے گا۔سری لنکا جلد ہی جاپان، چین اور بھارت سے قرض پروگرام کی دوبارہ بحالی پر بات کرے گا۔سری لنکن صدر کے مطابق آئی ایم ایف سے 2 سے 3 ارب ڈالر قرض کے لیے مذاکرات کیے جارہے ہیں اور ان کی حکومت آئی ایم ایف کی رضا مندی کے ساتھ ستمبر میں ایک عبوری بجٹ پر کام کررہی ہے۔