عراق: کربلا میں لینڈ سلائیڈنگ سے مزار منہدم، 4 افراد جاں بحق

427

عراق کی وزارت صحت کے مطابق عراق کے وسط میں واقع صوبے کربلا میں موجود مزار لینڈ سلائیڈنگ کے باعث منہدم ہونے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی کارکنوں نے ملبے تلے دبے 6 افراد کو نکال کر ان کی جان بچائی۔ان کا کہنا تھا کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کی صورت میں امدادی آپریشن جاری رہے گا۔مغربی صحرا پر واقع قطارت الامام علی کا مزار کربلا شہر سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔سول ڈیفنس سروس نے ایک بیان میں کہا کہ ابتدائی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ نمی کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جو مزار کی چھت سے ٹکرا کر منہدم ہونے کا سبب بنی۔اس سے قبل ایک اور واقعے میں تین بچوں کو بچایا لیا گیا تھا جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔سرکاری نیوز ایجنسی ’آئی این اے‘ نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں فلڈ لائٹس میں کام کرتے ہوئے ملبے تلے دبے لوگوں کو سوراخوں سے آکسیجن اور کھانے پینے کی اشیا فراہم کر رہی ہیں۔عراقی صدر برہم صالح نے ٹوئٹر پر امدادی کارکنوں سے کہا کہ وہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے کوشش جاری رکھیں۔