لاہور: ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ یہ میچز آٹھ، 10 اور 12 جون کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں تین اوپنرز، تین مڈل آرڈر بیٹرز، دو وکٹ کیپرز، تین اسپنرز اور پانچ فاسٹ باؤلرز شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے مابین سیریز مینیجڈ انوائرنمنٹ میں نہیں کھیلی جانی، لہٰذا قومی سلیکٹرز نے آسٹریلیا کے خلاف اعلان کردہ 21 رکنی اسکواڈ کو کم کرکے 16 کھلاڑیوں تک محدود کر دیا ہے۔ آصف علی، حیدر علی، عثمان قادر اور آصف آفریدی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا جبکہ سعود شکیل سائنوسائٹس سرجری کے باعث سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔
انجری سے صحتیاب ہونے پر قومی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔