میٹاورس کیلیے قدیم جانوروں کے تھری ڈی ’ورچوئل ماڈلز‘ تیار

355

کیلیفورنیا: امریکی ڈیجیٹل مصوروں اور ماہرین نے دیوقامت ہاتھی جیسے میمتھ، لمبے دانتوں والے ٹائیگر اور عجیب الخلقت سلیوتھ سمیت درجن بھر سے زائد قدیم و معدوم جانوروں کی تھری ڈی تصویریں تیار کرلی ہیں جنہیں میٹاورس کے ماحول میں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔یہ جانور آج سے ہزاروں سال پہلے برفانی عہد میں پائے جاتے تھے جن کی پینٹنگز اور ڈھانچے مختلف عجائب گھروں میں رکھے ہیں۔اگرچہ ان کی ڈیجیٹل تھری ڈی تصاویر اور اینی میشنز کی بھی بڑی تعداد ہے مگر ان میں سے کوئی ایک بھی ایسی نہیں جو سائنسی لحاظ سے ان جانوروں کی درست تصویر پیش کرسکے۔یہ کمی پوری کرنے کےلیے نیچرل ہسٹری میوزیم آف لاس اینجلس کاؤنٹی، لا بریا ٹار پٹس اور یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے ڈیجیٹل مصوروں اور سائنسدانوں نے مشترکہ طور پر کام شروع کیا۔فی الحال ان کی تعداد 15 ہے جبکہ ان تمام جانوروں کا تھری ڈی ڈیجیٹل ماڈل اپنی ظاہری شکل کے علاوہ اندرونی ڈیجیٹل وائر فریم پر بھی مشتمل ہے جو اصل جانوروں کے حقیقی ڈھانچے کی عین مطابقت میں بنایا گیا ہے۔تھری ڈی ہونے کے باوجود، جانوروں کے یہ تمام ماڈلز اپنے بائٹ سائز میں بہت ہلکے پھلکے ہیں جنہیں سوشل میڈیا پر تھری ڈی اسٹیکرز کے طور پر بھی آسانی سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔