ایسا پلان تیار کررکھا ہے اپوزیشن کو سمجھ نہیں آنی، وزیراعظم

309

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایسا پلان تیار کررکھا ہے اپوزیشن کو سمجھ نہیں آنی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے سینیر رہنماوں کا اجلاس ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی، فرخ حبیب، اسد عمر، حماد اظہر، شفقت محمود کے علاوہ قانونی ٹیم بھی شریک ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے سے متعلق مشاورت ہوئی، اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جب کہ سینیر رہنماؤں نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کی تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں، ایسا پلان تیار کررکھا ہے ان کو سمجھ نہیں آنی، پہلے بھی اس مافیا کا مقابلہ کیا اب بھی کروں گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا، پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر قابو پا لیں گے، تمام ارکان میرے ساتھ دیں گے، پریشانی کی کوئی بات نہیں۔