یوکرین کسی پیشگی شرائط کے بغیر روس کیساتھ مذاکرات پر آمادہ

463

کیف: یوکرین بغیر کسی پیشگی شرط کے روس کے ساتھ امن مذاکرات پر تیار ہوگیا جب کہ روس بھی ہتھیار پھینکنے کی شرط سے دستبردار ہوگیا۔غیرملکی میڈیا نے کیف میں صدارتی دفتر کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین اب روس کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ ہوگیا تاہم یہ مذاکرات بیلاروس کی سرحد پر ہوں گے۔ابتدائی طور پر یوکرین اور روس کے نمائندے کسی قسم کی پیشگی شرائط کے بغیر ملاقات کریں گے جس کے بعد اعلیٰ سطح کی ملاقات بھی متوقع ہے۔ یہ مذاکرات مشترکہ دوست ممالک کی کاوشوں سے ہو رہی ہے۔قبل ازیں روسی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ اگر یوکرین کی فوج ہتھیار ڈال دے تو مذاکرات ہوسکتے ہیں جب کہ روسی صدر نے یوکرین سے بات چیت کے لیے ایک وفد بھی پڑوسی ملک بیلاروس بھیجا تھا۔تاہم یوکرین کے صدر کا مؤقف تھا کہ امن کے لیے بات چیت ہونا چاہیئے لیکن مذاکرات کا مقام بیلاروس نہیں بلکہ کوئی اور ملک ہونا چاہیئے۔ انھوں نے استنبول کا نام بھی لیا تھا۔بیلاروس میں 2014 میں یوکرین اور روس کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے جنھیں منسک معاہدہ کہا جاتا ہے تاہم یوکرین کا کہنا ہے کہ روس نے معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔