ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ اور اہلیہ کی کرونا رپورٹس آگئیں

410

بلغراد: ٹینس کے عالمی نمبر ون کھلاڑی نوواک جوکووچ اور ان کی اہلیہ جیلینا کی کرونا ٹیسٹ رپورٹس منفی آگئیں، کھلاڑی اور بیوی دونوں میں وبائی علامات بھی ختم ہوگئیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا سے متاثر ہونے کے 9 دن بعد جووکوچ اور جیلینا دونوں صحتیاب ہوگئے۔ عالمی نمبر ون کھلاڑی ’ایڈریا ٹورنامنٹ‘ کھیلنے کے بعد دیگر ٹینس کھلاڑیوں سمیت کرونا کا شکار ہوگئے تھے۔

کھلاڑی اور ان کی اہلیہ نے 10 دن قرنطینہ میں گزارے، اس دوران انہوں نے کرونا سے بچاؤ کے لیے ہرممکن اقدامات کیے، بعد ازاں دوبارہ ٹیسٹ سے ثابت ہوا کہ ان میں کروناوائرس ختم ہوچکا ہے۔

سربین ٹینس اسٹار کو کرونا کے شکار ہونے پر شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا کیوں کہ وہ سماجی فاصلہ سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کو خاطر میں نہیں لارہے تھے جس پر جوکووچ نے چاہنے والوں سے معافی بھی مانگی۔

خیال رہے کہ سربیا میں کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار ہے جن میں سے 287 کی اموات ہوئی ہیں۔