بالی ووڈ کے سپراسٹارز جنہوں نے چھوٹے کرداروں سے کیر یئر کی شروعات کی

265

ممبئی: شاہ رخ خان، عرفان خان، ودیا بالن اور آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت محنت اور لگن کی مثال ہیں۔ ان تمام اداکاروں کا شمار آج بالی ووڈ کے سپراسٹارز میں ہوتا ہے لیکن ان سب نے اپنے کیر یئر کی شروعات چھوٹی اسکرین پر نہایت ہی چھوٹے سے کرداروں سے کی۔شاہ رخ خان آج بالی ووڈ کے بادشاہ کے طور پر جانے جاتے ہیں لیکن انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات 1989 میں ٹی وی شو ’’فوجی‘‘ اور ’’سرکس‘‘ میں نہایت چھوٹے سے کردار سے کی تھی۔ اس وقت شاید انہیں کوئی پہچانتا بھی نہیں تھا لیکن آج شاہ رخ خان اپنی محنت اور لگن سے بالی ووڈ کے سب سے زیادہ مشہور اداکار بن چکے ہیں اور ان کے دیوانے صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں موجود ہیں۔بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن کو کون نہیں جانتا۔ وہ ’’کہانی‘‘،’’ڈرٹی پکچر‘‘، ’’عشقیہ‘‘ سمیت نجانے کتنی ہٹ فلموں میں کام کرچکی ہیں۔ بالی ووڈ کی اس ٹاپ اداکارہ نے بھی اپنا کیریئر 90 کی دہائی میں ٹی وی کی چھوٹی اسکرین کے ڈرامے ’’ہم پانچ‘‘ سے شروع کیا تھا۔بھارتی فلم انڈسٹری کے مرحوم اداکار عرفان خان صرف بالی ووڈ میں نہیں بلکہ ہالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا جادو جگا چکے ہیں۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے اس سپر اسٹار نے اپنے کیریئر کی شروعات’’بھارت ایک کھوج‘‘،’’چانکیا‘‘،’’سارا جہاں ہمارا‘‘ جیسے ٹی وی شوز سے کی تھی۔ لیکن کسی کو کیا پتہ تھا کہ ٹی وی پر چھوٹے چھوٹے کردار کرنے والا یہ اداکار ایک دن بالی ووڈ کا سپراسٹار بن جائے گا۔