راکھی ساونت کے شوہر کی پہلی بیوی کا راکھی اور رتیش کی شادی جھوٹی ہونے کا دعویٰ

175

ممبئی: بالی ووڈ کی آئٹم گرل راکھی ساونت کے شوہر رتیش کی پہلی بیوی منظرعام پر آگئی اور اس نے راکھی اور رتیش کی شادی جھوٹی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔گزشتہ برس جب دلہن بنی راکھی ساونت کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں اس وقت سے ہر کوئی راکھی کے شوہر کا چہرہ دیکھنے اور اس کے بارے میں جاننے کا انتظار کررہا تھا۔ اور بالآخر ایک طویل انتظار کے بعد راکھی ساونت کے شوہر بگ باس سیزن 15 میں منظر عام پر آہی گئے۔راکھی ساونت نے اپنے شوہر کے بارے میں بتایا ہے کہ وہ بزنس مین ہیں اور برطانیہ میں رہتے ہیں۔ تاہم اب اچانک رتیش کی پہلی بیوی منظرعام پر آگئی ہے جس نے رتیش کے بارے میں کئی انکشافات کیے ہیں۔رتیش پہلے سے شادی شدہ ہے۔ ان کی پہلی بیوی کا نام پریا ہے اور راکھی سے شادی سے قبل ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔ حال ہی میں رتیش کی پہلی بیوی پریا نے راکھی اور رتیش کی شادی پر سوال اٹھایا ہے۔پریا نے کہا مجھے اب بھی یقین نہیں آرہا کہ رتیش کس طرح راکھی جیسی ایک مشہور اداکارہ سے شادی کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ میرے مطابق یہ سب جھوٹ ہے اور اس کے این آر آئے اور کمپنی کا مالک ہونے کا دعویٰ بھی۔ بگ باس 15 میں رتیش کس طرح راکھی کا شوہر بنا ہوا ہے جب کہ ابھی تک ہم دونوں میاں بیوی ہیں یہ قانون کے خلاف ہے۔صرف یہی نہیں پریا نے رتیش کے بارے میں مزید انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ رتیش اکثر مجھے مارتا پیٹتا تھا یہاں تک کہ ایک بار اس نے مجھے 4 گھنٹوں تک بیلٹ سے مارا تھا جس کے بعد مجھے ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے میں کسی طرح اپنے والدین کے گھر جانے میں کامیاب ہوئی۔واضح رہے کہ راکھی ساونت بھی اپنی شادی اور رتیش سے خوش نہیں ہیں۔ بگ باس کے گھر کے اندر رتیش کا رویہ راکھی کے ساتھ بہت برا ہے۔