اسٹینفرڈ: سائنسدانوں نے ایک روبوٹ نما شے تیار کی ہے جسے کسی بھی ڈرون پر لگایا جاسکتا ہے۔ اس طرح ڈرون کسی ناہموار جگہ پر اترسکتا ہے، اشیا کو گرفت کرسکتا ہے اور درخت کی ٹہنی کو اپنے پنجے سے گرفت کرکے اس پر بیٹھ سکتا ہے۔
اسٹینفرڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے پیرگرائن شکرے سے متاثر ہوکر اسے تیار کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے پنجے تھری ڈی پرنٹر سے چھاپے گئے ہیں۔ اس طرح یہ اڑتا ہے، اترتا ہے، اشیا کو اپنے پنجے میں لے جاسکتا ہے اور درخت پر اترسکتا ہے۔
ماہرین نے 20 طریقے استعمال کیے اور ان میں سے ایک میں کامیابی ملی ہے۔ اب یہ اتنا بہتر ہے کہ صرف 20 ملی سیکنڈ میں درخت کی شاخ کو پکڑ لیتا ہے۔ سیدھے پنجے میں ایسلرومیٹر نصب ہے جو مشین کو اترنے کا احوال بتاتی ہے۔ جبکہ دوڑنے اور ہموار رکھنے کے لیے خاص الگورتھم بنایا گیا ہے۔