امید ہے پاکستان سیالکوٹ واقعے کی تحقیقات کیلئے ضروری کارروائی کریگا، سری لنکا

256

کولمبو ، اسلام آباد: سری لنکا نے سیالکوٹ کے افسوسناک واقعے پر امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی حکام اس واقعے کی تحقیقات کیلیے ضروری کارروائی کریں گے اور انصاف کو یقینی بنائیں گے۔سری لنکن میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان سوگیشوارہ گونارہ ٹنا نے کہاکہ وزارت خارجہ کو سیالکو ٹ میں سری لنکا کے شہری پر مبینہ تشدد اور اس کی لاش کو جلانے کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں، اسلام آباد میں سری لنکن ہائی کمیشن پاکستانی عہدیداروں سے واقعے کی تفصیلات کی تصدیق کے لیے رابطے میں ہے اور اس سلسلے میں کارروائی جاری ہے۔علاوہ ازیں وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے سیالکوٹ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بہت دلخراش واقعہ ہے، واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی حکومتی ادارے واقعے کی تحقیقات میں پنجاب حکومت کی معاونت کررہے ہیں، نیشنل کرائسز سیل واقعے کے محرکات کا جائزہ لے رہا ہے،وزیر داخلہ نے کہا کہ انتہا پسندی کے واقعات کو روکنے کیلیے پورے معاشرے کو ملکر کام کرنا ہوگا۔