تہران: ایران کے جوہری توانائی کے ایک پلانٹ میں خوفناک دھماکے کے بعد ایک حصے میں آگ بھڑک اُٹھی جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے مرکزی جوہری پلانٹ میں پراسرار دھماکا ہوا ہے، دھماکا فیکٹری کے اس حصے میں ہوا جہاں نئے سینٹری فیوجز بنائے جاتے تھے۔ دھماکے کے بعد عمارت کے اس حصے میں آگ بھڑک اُٹھی۔
ایران کی اٹامک انرجی تنظیم نے جوہری پلانٹ کے اس حصے کی تصویر بھی جاری کی ہے جس میں آگ بھڑکتی ہوئی نظر آ رہی ہے تاہم دھماکے اور آتشزدگی کی وجہ سے ہونے والے نقصان سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ مرکزی جوہری پلانٹ میں نئے سینٹری فیوجز بنائے جارہے ہیں جو ایٹم بم بنانے میں استعمال ہوں گے اور اسی لیے ایران پر پابندیاں عائد کی تھیں۔