اپوزیشن کو عبرت ناک شکست، 221ووٹوں کی برتری سے EVMبل منظور!!

230

۱۷ نومبر 2021ء پاکستان کی تاریخ میں یادگار دن شمار ہو گا جب قومی اسمبلی میں عمران خان کی قیادت میں دونوں ایوانوں نے مل کر 221ووٹوں کی اکثریت سے الیکشن کے نظام کو مکمل تبدیل کر دیا اور EVMنیا سسٹم شروع کرنے کے بل کو قومی اسمبلی سے منظور کروایا۔ اس نظام کے شروع ہونے بعد اس کے بہت دور رس نتائج ہونگے۔ امریکہ میں یہ سسٹم رائج ہے اور ہم لوگ اسی نظام کے تحت ووٹ ڈالتے ہیں نہ یہاں شور مچتا ہے دھاندلی ہو گئی نہ شخصی طور پر کائونٹنگ کی ضرورت ہوتی ہے ساتھ ساتھ رزلٹ آتا رہتا ہے۔ اگر عمران خان کا اس ملک پر کوئی احسان یاد رہے گا وہ یہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سسٹم ہو گا۔ 1971ء کے الیکشن کے بعد جویحییٰ خان نے کرائے تھے کسی بھی الیکشن کو صاف شفاف قرار نہیں دیا گیا یا ہارنے والی جماعت نے قبول کیا ہو یا تو اس وقت ہارنے والی جماعت تھی ہی نہیں یا پھر دونوں حصوں میں کوئی جماعت بھی احتجاج کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھی۔ ادھر مجیب الرحمن کی عوامی لیگ تھی، مغربی پاکستان میں بھٹو کی پیپلز پارٹی تھی اور دونوں پارٹیوں کی کوئی پوزیشن نہیں تھی۔
اس دونوں ایوانوں کے اجلاس میں 27سے زیادہ بل منظور ہوئے دوسراہم بل بیرون ملک پاکستانیوں کے الیکشن میں ووٹ ڈالنے کا بل ہے۔ اس بل سے بیرونی ملک مقیم پاکستانی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں انٹرنیٹ کے ذریعہ ووٹ ڈال سکیں گے۔ یہ بیرونی ملک رہائش پذیر پاکستانیوں کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہے۔ یہ بیرونی ملک رہنے والے پاکستانیوں کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے اور وطن کی مٹی سے ان کا رابطہ مضبوط ہو گا۔ اس سیشن کے دوران کل بھوشن یادیو کے لئے بل کے علاوہ سب سے اہم بل خواتین کے ساتھ زیادتی کرنیوالوں کے لئے سزا کا بل ہے۔ ایسے لوگوں کے ساتھ بہت سخت قانون کے ساتھ نپٹا جائے گا۔ پنجاب موٹروے پر جو پاکستانی خاتون کیساتھ واقعہ ہوا یا زینب بچی کیساتھ زیادتی اور قتل جیسے واقعات کا تدارک ہو سکے گا۔ قومی اسمبلی میں عمران خان کے گرد کھڑے ہو کر جس اندازسے گندے گندے نعرے لگائے گئے اور جو زبان استعمال کی گئی اسکو یہاں تحریر میں لانا ممکن نہیں ہے۔ ان کی اہلیہ کے خلاف جو زبان استعمال کی گئی وہ قابل شرم تھی۔ نعرے لگانے والے شائد یہ بات بھول گئے کہ ان کے گھر میں بھی ماں بیٹیاں ہیں اور ان کی یہ باتیں سن رہی ہونگی یا دیکھ رہی ہوں گی ان کو بھی گھر میں بیٹھ کر شرم آرہی ہو گی یہ قوم کے نمائندے ہیں جو لاکھوں عوام کے ووٹ لیکر منتخب ہوئے ہیں اور گندی گندی گالیاں قومی اسمبلی میں کھڑے ہو کر کیمرے کے سامنے لوگوں کو دے رہے ہیں۔ یہ ہیں پاکستانی عوام کے نمائندے جن کی تقریریں سن کر مردوں کو بھی شرم آجاتی ہے۔
یہ دونوں ایوانوں کا مشترکہ تاریخی اجلاس تھا جو پاکستانی سیاست کی سمت بدل دیگا۔ عمران خان کو بہت مضبوط کر دیگا۔ آئندہ دو سال تک کوئی بھی عمران خان کو ہٹا نہیں سکے گا اور آئندہ 5سال بھی عمران خان کی پی ٹی آئی بہت شدت سے ابھر کر الیکشن میں آئیگی اور دونوں حکمرانوں کیساتھ جو ماضی میں برسراقتدار رہے سختی کیساتھ نبٹے گی اس میں سب سے بڑا ڈاکو نواز شریف ہے جس کے پاس پنجاب اور مرکز میں اقتدار تھا اس نے اس ملک کو کنگال کر دیا اس نے بری طرح اس ملک کو لوٹا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے اگر عمران خان سعودی عرب اور چائنا سے بھیک مانگ مانگ ڈالر نہ لاتے تو پاکستان ڈیفالٹ ہو جاتا جس کی سزاپوری قوم بھگتے گی۔ ان دو نااہل حکمرانوں نے پوری قوم کو دکھ اور معاشی بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔ عمران کی یہ کامیابی پوری قوم کو مبارک ہو اور شائد آئندہ والے دن پاکستانی قوم کو سیدھے راستے پر ڈال دیں۔