طبیعیات کے اصول سکھانے والی کھلونا گاڑی

376

 نیویارک: سائنسی اور تدریسی کھلونے بنانے والی مشہور کمپنی پاکٹ لیب نے اب جی فورس نامی کھلونا کار بنائی ہے۔ کار میں نصب جدید سینسر کی وجہ سے اسے پہیوں پر دوڑنے والی فزکس تجربہ گاہ قرار دیا جاسکتا ہے۔

اس سے قبل پاکٹ لیب سائنسی تجربات کے آلات، ہارڈویئر، سائنسی نصاب اور دیگر اشیا بناتی رہی ہے۔ جی فورس نامی کار میں نصب سینسر کی بدولت بچے بہت آسانی سے کار کی رفتار، اسراع (ایسلریشن) اور دیگر طبیعیاتی مظاہر کو سمجھ سکتے ہیں۔

پاکٹ لیب کی پشت پر ٹیکنالوجی، ڈیزائننگ اور سائنس کے ماہرشامل ہیں۔ ان کا اصرار ہے کہ اس سے عام افراد اور بڑے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

اگرچہ کھلونا کار کو عین اصل گاڑی کی بنا پر تیار کیا گیا ہے لیکن جی فورس کار میں اسپیڈومیٹر اور اوڈومیٹر نصب ہے جو وائرلیس رابطے کی بدولت اپنا ڈیٹا ہاتھوں ہاتھ کمپیوٹر یا فون تک روانہ کرسکتے ہیں۔ کار کے ساتھ اس کے پٹڑی نما ٹریک، ڈھلوانیں اور چکر دار اسٹرکچر بھی دستیاب ہیں جن پر دوڑتی ہوئی کاریں پیچیدہ ریاضیاتی حقائق واضح کرتی ہیں۔