تہران: دبئی اور ابوظہبی میں 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کا مرکز ایران تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی اور ابوظہبی سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور طویل عمارتیں لرزنے لگیں۔
شام 4 بج کر 7 منٹ پر محسوس کیے گئے زلزلے کا مرکز ایران کے جنوبی علاقے میں تھا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.2 ریکارڈ کی گئی جس کے بعد زلزلے کے جھٹکے دیگر پڑوسی ممالک میں محسوس کیے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جون میں ایران میں 5.1 شدت کے زلزلے کے بعد بھی متحدہ عرب امارات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جب کہ فروری میں بھی ایران کے جزیرہ قشم میں 5.8 شدت کے زلزلے کے بعد زمین میں لرزش محسوس کی گئی تھی۔