’جیمز بانڈ ‘ بنائے جانے کی خبر پر لوگوں نے تضحیک کی، لشانا لِنچ

350

طویل تاخیر کے بعد حال ہی میں ریلیز کی گئی شہرہ آفاق جاسوس سیریز’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی اداکارہ لشانا لِنچ نے کہا ہے کہ جب میڈیا میں خبر آئی کہ اگلی جاسوس وہ بنیں گی، تب لوگوں نے سوشل میڈیا پر ان کی تضحیک کی۔

لشانا لنچ سے متعلق جولائی 2019 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اب وہ جیمز بانڈ کی 26 ویں فلم میں جاسوس 007 کا کردار ادا کریں گی اور وہ ایسا کرنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔

حال ہی میں اداکارہ نے مذکورہ معاملے پر انٹرویو میں انکشاف کیا کہ مذکورہ خبر سامنے آنے کے بعد لوگوں نے سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے۔

لشانا لنچ نے بتایا کہ جب انہیں اگلی جیمز بانڈ فلم میں جاسوس بنائے جانے کی خبر آئی تو لوگ غصہ ہوگئے، انہوں نے ان پر تنقید کرنا شروع کردی۔

اداکارہ کے مطابق لوگوں نے کہا کہ لشانا لنچ تو ایک خاتون ہیں، وہ کیسے جیمز بانڈ کی جاسوس بن سکتی ہیں اور یہ کہ وہ تو سیاہ فام بھی ہیں۔

لشانا لنچ کا کہنا تھا کہ انہیں خبر کے بعد صنفی اور نسلی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد انہوں نے ان دنوں میں موبائل فون کا استعمال کم کردیا۔