امریکی انتظامیہ نے ایران کے جوہری معاہدے پر مذاکرات کی دوبارہ جلد از جلد بحالی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کی بحالی کا انحصار ایران پر ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے امریکا، ایران کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سفارتی راستہ کھلا ہوا ہے اور ایران نے کہا تھا کہ وہ بھی جلد از جلد مذاکرات شروع کرنا چاہتے ہیں۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان نے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ ان کی ‘جلد’ کی تعریف ہماری ‘جلد’ کی تعریف سے مماثلت رکھتی ہو گی اور ہم جلد ویانا میں مذاکرات شروع کرنے کے ٰخواہاں ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ ہم 2015 کے معاہدے کی جلد بحالی کے خواہاں ہیں البتہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہونے والے مذاکرات کے چھ دور بے نتیجہ رہے تھے۔