پاکستان کے تحفظات اور تشویش کو سمجھتے ہیں، وینڈی شرمن

224

اسلام آباد: امریکہ کی نائب سیکریٹری خارجہ وینڈی شرمن نے کہا ہے کہ افغان عوام کی انسانی بنیادوں پر مدد کے لیے پاکستان اور امریکہ کا مؤقف یکساں ہے۔

دورہ پاکستان پر گزشتہ روز اسلام آباد پہنچنے والی وینڈی سرمن نے پاکستان ٹیلی ویژن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اورامریکہ کے گزشتہ کئی دہائیوں سے مضبوط اور بہترین تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تحفظات اور تشویش کو سمجھتے ہیں۔

امریکہ کی نائب سیکریٹری خارجہ وینڈی شرمن نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان ایک دوسرے کا دل سے احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد دنیا کے معاشی امور میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بہترین حکمت عملی سے کورونا وبا کا مقابلہ کیا ہے۔

امریکہ کی نائب سیکریٹری خارجہ وینڈی شرمن نے کہا کہ چین دنیا کی بہت بڑی ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ہم کسی کی ترقی میں رکاوٹ بننا نہیں چاہتے ہیں۔