ہفتے میں دوسری مرتبہ فیس بک کو عالمی سطح پر بندش کا سامنا

202

دنیا بھر میں صارفین کو ایک مرتبہ پھر فیس بک کے نظام میں تبدیلی کی وجہ سے گھنٹوں اس کی خدمات تک رسائی حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

9 اکتوبر کی درمیانی شب کو سب سے پہلے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی سروس متاثر ہوئی جس کے کچھ دیر بعد صارفین کی جانب سے فیس بک اور میسنجر تک رسائی کی شکایات بھی سامنے آئیں۔

فیس بک ترجمان نے کہا کہ جو بھی گزشتہ چند گھنٹوں میں ہماری مصنوعات تک رسائی حاصل نہیں کر سکا اس سے مخلصانہ معذرت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اس مسئلے کو ٹھیک کر دیا ہے اور اب سب کچھ معمول پر آجانا چاہیے۔

ادھر ویب سائٹ ٹربل ٹریکر ڈاؤن ڈیٹیکٹر نےبھی فیس بک اور انسٹاگرام نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ میسنجر اور واٹس ایپ تک رسائی یا استعمال میں پریشانیوں کی رپورٹس میں اضافہ دیکھا۔

فیس بک نے اس پریشانی کو اپنے کمپیوٹنگ پلیٹ فارم پر کنفیگریشن تبدیلی سے منسوب کیا اور کہا کہ اس نے عالمی سطح پر سوشل نیٹ ورک اور انسٹاگرام، میسنجر اور ورک پلیس کے صارفین کو متاثر کیا۔