نیوزی لینڈ کے سیریز منسوخ کرنے کے فیصلے پر کرکٹرز کا غم و غصے کا اظہار

138

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا میچ شروع ہونے سے قبل ‘سیکیورٹی خدشات’ کی وجہ بتا کر دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر پاکستان و دنیا بھر سے کرکٹرز نے غم و غصے کا اظہار کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی واپسی کے اعلان کی خبر سامنے آتے ہی ٹوئٹر پر #PakvsNZ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے آج کے دن کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ ‘سیکورٹی کے خطرے پر یکطرفہ انداز اپناتے ہوئے دورہ منسوخ کرنا بہت مایوس کن ہے خاص طور پر جب آپ یہ شیئر نہ کریں’۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں معاملے کو آئی سی سی میں اٹھانے کا عندیہ بھی دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں اور ساکھ پر پورا بھروسہ ہے، وہ ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسی دنیا کی بہترین سیکورٹی ایجنسیوں میں سے ایک ہے اور جب آپ کو اس قسم کی سیکورٹی ملتی ہے تو آپ محفوظ ہوتے ہیں’۔