امریکا کا افغان بحران کے حل کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار پر زور

180

امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان کو ان کے وعدوں کو پورا کرنے پر قائل کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرے۔

امریکا کے سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے کانگریس کی سماعت کے دوران کہا تھا کہ امریکا آنے والے ہفتوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات پر غور کرے گا تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ واشنگٹن، اسلام آباد سے افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے کیا کردار ادا کرانا چاہے گا۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ ‘ہم پاکستانی ہم منصبوں اور قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ہم نے افغانستان سے متعلق تفصیلی بات کی ہے’۔

سیکریٹری خارجہ کے بیان پر تصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ‘انٹونی بلنکن، افغان عوام کی حمایت کے حوالے سے پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے بیانات کا حوالہ دے رہے تھے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘سیکریٹری خارجہ چاہتے ہیں کہ یہ ممالک تعمیری کردار ادا کریں تاکہ ہماری مشترکہ ترجیحات حاصل ہوسکیں، ان ترجیحات میں انسانی خدشات، افغان عوام کے حقوق اور افغانستان میں امریکا کی 20 سالہ موجودگی کے دوران حاصل ہونے والے فوائد کا تحفظ شامل ہے’۔