خواتین کرکٹ پر پابندی؛ آسٹریلیا کی افغانستان سے میچ منسوخ کرنے کی دھمکی

100

 میلبورن: طالبان کی جانب سے خواتین کرکٹ ٹیم پر پابندی کے بعد آسٹریلیا نے افغانستان سے واحد ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کی دھمکی دے دی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کرکٹ بورڈ نے طالبان حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے تو ہم بھی افغانستان کی مردوں کی ٹیم سے ساتھ واحد شیڈول میچ منسوخ کردیں گے۔

ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق خواتین کی کرکٹ ہمارے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے، کرکٹ ہم سب کے لیے ایک کھیل ہے اور ہم ہر سطح پر خواتین کی کرکٹ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

اس سے قبل افغان ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمد اللہ واثق نے آسٹریلیا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا نہیں خیال آمارات اسلامی میں خواتین کے کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہوگی، خواتین کا کرکٹ کھیلنا ضروری نہیں کیوں کہ اس میں ایسی صورتحال بھی پیدا ہوتی ہے جہاں خواتین کے چہرے سمیت جسم کے دیگر اعضا کی نمائش ہوتی ہے اور اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا۔

احمد اللہ واثق نے مزید کہا کہ میڈیا کے اس دور میں خواتین کھلاڑیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی منظرعام پر آئیں گی، اسلام اور آمارات اسلامی خواتین کو نہ صرف کرکٹ بلکہ ہر وہ اسپورٹس کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا جس میں ان کی نمائش ہوتی ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.