سلمان خان پر بنے گیم ‘سیلمون بھوئی‘ پر پابندی عائد

112

بھارت کے شہر ممبئی کی عدالت نے بولی وڈ اداکار سلمان خان کی درخواست پر ان پر بنے ’سیلمون بھوئی‘ نامی ویڈیو گیم پر عارضی پابندی عائد کر دی۔

سلمان خان کی جانب سے گیم بنانے والی کمپنی پیروڈی لمیٹڈ اور گوگل ایل ایل سی کے خلاف شکایت درج کروائی گئی تھی۔

جس کے بعد ممبئی کی عدالت نے معاملہ حل نہ ہونے تک گوگل پلے اسٹور سے گیم کو ہٹانے کا حکم دے دیا۔

اپنی درخواست میں سلمان خان نے کہا تھا کہ گیم کا عنوان ‘سیلمون بھوئی’ مداحوں میں مشہور ان کے نام سلمان بھائی سے لیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس گیم کا نام اور اس میں دکھائی جانے والی تصاویر ان سے مطابقت رکھتی ہیں۔

اداکار نے مزید کہا تھا کہ گیم میں ایسے مناظر بھی موجود ہیں جو ان کے خلاف مبینہ کیسز جیسا کہ ہٹ اینڈ رن اور کالے ہرن سے متعلق مقدمات سے ملتے جلتے ہیں۔

سلمان نے دعویٰ کیا تھا کہ گیم کے ذریعے کمپنی نے دانستہ طور پر سلمان خان کی شخصیت کے حقوق کو ان کی رضامندی کے بغیر استعمال کرتے ہوئے کمرشل فوائد حاصل کیے۔

اداکار نے مزید کہا کہ ان کے بارے میں غلط اور گمراہ کن معلومات دکھا کر ان کی ساکھ کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت ان کے رازداری اور شہرت کے حق کی خلاف ورزی کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.