پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ افغان عوام کیلئے امدادی سامان لے کر کابل پہنچ گیا

51

پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ پاکستان کی جانب سے افغانستان کے عوام کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ لے کر کابل پہنچ گیا۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر یہ طیارہ جمعرات کو حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔

افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور پبلک ہیلتھ کے سینئر افسر حاجی عمر نے امدادی سامان متعلقہ افغان حکام کے حوالے کیا جس میں تقریباً 10 ٹن آٹا، ڈیڑھ ٹن گھی اور بھاری مقدار میں ادویات شامل ہیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا کہ اس پرواز کے ساتھ ہی پاکستان کی جانب سے افغانستان کے لیے ہنگامی امداد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پہلی پرواز تھی اور دوسری پرواز جمعہ کو قندھار جائے گی جبکہ امدادی سامان کا ایک طیارہ خوست بھی بھجوایا جائے گا اور اب یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سرکاری اور نجی شعبہ کے ساتھ ساتھ خیراتی اداروں کی جانب سے خصوصی پروازوں اور طورخم و چمن کے زمینی راستوں کے ذریعے بھی امدادی سامان افغانستان لایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.