دوا ساز کمپنی ٹکیڈا اور وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جاپان نے متعدد خوراکیں خراب ہونے کی رپورٹس کے بعد کورونا کی موڈرنا ویکسین کی 16 لاکھ 30 ہزار خوراکوں کا استعمال روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جاپان میں موڈنا کی فروخت اور تقسیم کی انچارج ٹکیڈا کا کہنا ہے کہ اسے متعدد ویکسی نیشن سینٹرز سے یہ رپورٹس ملیں کہ ویکسین کی بند بوتلوں کے اندر غیر ملکی مادے پائے گئے ہیں۔
کمپنی نے کہا کہ ‘وزارت صحت سے مشاورت کے بعد ہم نے تین کھیپوں سے ویکسین کا استعمال معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے’۔
ٹکیڈا کا کہنا ہے کہ وہ موڈرنا کو معاملے سے آگاہ کر چکی ہے اور ‘ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے’۔
موڈرنا نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘جاپان میں تقسیم ہونے والی ایک لاٹ میں خرابی رپورٹ ہوئی ہے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘موڈرنا یقین رکھتی ہے کہ مینوفیکچرنگ کا مسئلہ اسپین میں اس کی مینوفیکچرنگ سائٹ میں موجود کئی لائنوں میں سے ایک میں پیدا ہوا ہے، تاہم اب تک حفاظت یا افادیت کے مسائل کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے’۔
انہوں نے کی نوعیت بتائے بغیر کہا کہ ‘موڈرنا نے احتیاطی طور پر ویکسین کی یہ لاٹ اور ملحقہ دو لاٹس کو روک دیا ہے’۔