پاک افغان کرکٹ سیریز ، سری لنکا کے بجائے پاکستان میں ہی ہونے کا امکان

264

آئندہ ماہ شیڈول پاک افغان کرکٹ سیریز ، سری لنکا کے بجائے پاکستان میں ہونے  کا امکان ہے  جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ  (اے سی بی) نے پاکستان کے خلاف اپنی ہوم ون ڈے سیریز پاکستان ہی میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے ، اعلیٰ سطح پر معاملات طے ہونے پر سیریز کے شیڈول اور وینیو کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سیریز کے پاکستان میں ہونے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  نے تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچز کی میزبانی کرنی ہے، سیریز 3 سے 9 ستمبر کے درمیان سری لنکا میں پلان کی گئی تھی  لیکن لاجسٹک اور دیگر مسائل کے باعث سیریز کے حوالے خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔

اب نئی پیش رفت یہ ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے سیریز پاکستان میں ہی کروانے کا آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔