والدہ نے کہا تھا اس میچ میں تم سنچری بناؤ گے: فواد عالم

233

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کا کہنا ہے والدہ نے کہا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے میچ میں تم سنچری اسکور کرو گے۔

فواد عالم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 124 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 302 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز سنچری اسکور کرنے والے قومی بلے باز فواد عالم کا کہنا ہے کہ ہمارا ہدف ویسٹ انڈیز کو جلد از جلد آؤٹ کرنا ہے، چوتھے روز میزبان ٹیم کو کم سے کم رنز پر آؤٹ کر دیا تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

اپنی سنچری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد عالم کا کہنا تھا کہ آج کی اننگز اپنے والدین کے نام کرتا ہوں۔

فواد عالم نے بتایا کہ میچ سے پہلے ان کی فون پر اپنی والدہ سے بات ہوئی تھی، والدہ نے کہا تھا کہ اس میچ میں تم سنچری بناؤ گے اور والد کی بھی خواہش تھی کہ ویسٹ انڈیز میں سنچری اسکور کروں، ماں کی دعا ساتھ ہو تو ہر مشکل آسان ہو جاتی ہے۔