فیس بک کی جانب سے مصنوعی ذہانت میں اخلاقیات کے عنوان سے تحقیق کے لیے کیے گئے اقدام میں جیتنے والوں کا اعلان کیا ہے جس میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے پنجاب کی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی (آئی ٹی یو) کے پروفیسر جنید قادر اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی کی کو انویسٹی گیٹر امانا رقیب بھی شامل ہیں۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی اخلاقیات کے شعبے میں باضابطہ بنیادی تحقیق اور اس کے تصورات کے بارے میں تعاون فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اس اقدام میں جیتنے والوں میں نو مختلف ممالک شامل ہیں۔
ایشیاء پیسفک میں اے آئی ایتھکس میں معاونت کے لئے فیس بک نے یونیورسٹی آف ہانگ کانگ کے سینٹر فار سول سوسائٹی اینڈ گورننس اور ہانگ کانگ کے پرائیویسی کمشنر فار پرسنل ڈیٹا (پی سی پی ڈی) کے ساتھ دسمبر 2019 میں پیش کشوں کے لیے درخواست (آر ایف پی) کا آغاز کرکے اشتراک کیا۔ یہ پیش کشیں ایشیا پیسفک بھر میں فعال اور رجسٹرڈ تعلیمی اداروں، تھنک ٹینکس اور تحقیقی اداروں کے لئے دست یاب تھے۔
اس مجوزہ ضابطہ کار کے ذریعے پروجیکٹ ٹیم مصنوعی ذہانت سے متعلقہ اخلاقی ضابطے اور نئی معلومات پیش کرنے کے لئے کوشاں ہوگی جس کی بدولت مصنوعی ذہانت اور اسلامی اخلاقی اصولوں و ہدایات پر عمومی علم پیش رفت کرسکتا ہے۔