سیول: جنوبی کوریا کے سائنسدانوں نے ایک ایسا نرم روبوٹ تیار کرلیا ہے جو گرگٹ کی طرح رنگ بدل کر پس منظر کا حصہ بن جاتا ہے اور اسے دیکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔بتاتے چلیں کہ اس ایجاد میں اصل چیز روبوٹ خود نہیں بلکہ اس کی نرم کھال ہے جو مخصوص انداز سے بجلی گزرنے پر اپنی رنگت تبدیل کرتی ہے۔شکاریوں اور حملہ آوروں سے بچنے کےلیے رنگ بدل کر پس منظر کا حصہ بن جانا، گرگٹ اور اس قسم کے دیگر جانوروں کا خصوصی حربہ ہے جسے ’’سرگرم (ایکٹیو) کیموفلاج‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔روبوٹ کی نرم کھال میں بھی گرگٹ کی یہی قدرتی صلاحیت، مصنوعی طور پر پیدا کی گئی ہے۔ماہرین کو امید ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے مستقبل میں ایسے کپڑے بنائے جاسکیں گے جو اارد گرد کے ماحول کی مطابقت میں اپنا رنگ اور ڈیزائن فوری طور پر تبدیل کرسکیں گے۔اس طرح انہیں پہننے والا بھی اپنے پس منظر کا حصہ بن جائے گا اور اسے دیکھنا بھی بہت مشکل ہوجائے گا۔گرگٹ کی طرح فوراً رنگ بدلنے والی مصنوعی کھال کی تیاری ایک مشکل کام ہے کیونکہ اس کےلیے درکار نظام بہت پیچیدہ ہوتا ہے جسے اپنے اطراف پر مسلسل نظر رکھنے کے علاوہ اس قابل بھی ہونا چاہیے کہ وہ کھال کی رنگ میں حسبِ ضرورت فوری تبدیلی بھی لا سکے۔آن لائن ریسرچ جرنل ’’نیچر کمیونی کیشنز‘‘ کے تازہ شمارے میں سیول نیشنل یونیورسٹی کے سیئونگ ہوان کو اور ان کے ساتھیوں نے اپنے مقالے میں بتایا ہے کہ اس مشکل پر انہوں نے کیسے قابو پایا۔