ٹوکیو اولمپکس میں ارشد ندیم کی بہترین کارکردگی، جاپانی سفیر کی مبارکباد

277

پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوڈا کونینوری نے ٹوکیو اولمپکس میں مردوں کے جیولین تھرو مقابلے کے فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستان کے پریمیئر جیولن تھرو ور ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے۔

اپنے ایک بیان میں جاپانی سفیر نے ارشد ندیم کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بدقسمتی سے آپ تمغہ جیتنے والے پوڈیم پر جگہ حاصل نہیں کر سکے لیکن مجھے یقین ہے آپ نے دنیا کے میگا ایونٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کے باعث بہت سے لوگوں کےدل جیت لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ آپ نے ایونٹ کے فائنل راؤنڈ میں حصہ لینے کا اعزاز حاصل کیا، آپ اپنی کوششوں کو نئے جوش کے ساتھ جاری رکھیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب آپ فتح کے مقام پر ہوں گے۔