امیتابھ بچن کے بنگلے پر بم کی جھوٹی خبر دینے والے 3 افراد گرفتار

346

بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے بنگلے سمیت ممبئی کے 3 ریلوے اسٹیشنز پر بم کی موجودگی کی جھوٹی اطلاع دینے والے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔

اداکار امیتابھ بچن کی رہائش گاہ سمیت ممبئی کے 3 ریلوے اسٹیشنز پر بم نصب کرنے کے دعوے پر مبنی جعلی کال کرنے والے 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی پولیس کے مطابق فون کال موصول ہونے کے بعد بم ڈھونڈنے کے لیے کئی گھنٹے تک سرچ آپریشن جاری رہا۔

ترجمان پولیس کے مطابق چاروں مقامات میں سے کہیں پر بھی کوئی مشتبہ مواد نہیں پایا گیا۔

پولیس عہدیدار کے مطابق جمعہ (6 اگست) کی رات کو 9 بج کر 45 منٹ پر ہمارے کنٹرول روم کو ایک کال موصول ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کالر نے دعویٰ کیا تھا کہ ممبئی کے بائیکولا، چھترپتی شیواجی مہاراج (سی ایس ایم ٹی) اور دادر ریلوے اسٹیشنز سمیت جوہو میں واقع امیتابھ بچن کے بنگلے میں بم نصب کیے گئے ہیں۔

عہدیدار کے مطابق مشکوک فون کال کے بعد ریلوے پولیس، ریلوے پروٹیکشن فورس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمز نے تلاش شروع کی تھی اور مقامی پولیس اہلکار سراغ رساں کتوں کے ساتھ ان مقامات پر پہنچے تھے تاہم کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی تلاش کے بعد یہ معلوم ہوا کہ اطلاع جھوٹی تھی۔