فلسطین: آتش گیر غباروں کے ‘ردِ عمل’ میں اسرائیل کے حماس کے ٹھکانوں پر فضائی حملے

299

اسرائیلی فوج کے مطابق مبینہ طور پر فلسطین کے محصور علاقے سے اسرائیل پر آتش گیر غباروں سے حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے طیاروں نے غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔

فضائی حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں یا نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جس میں فوج کے مطابق حماس کی ایک راکٹ لانچنگ سائٹ اور ایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

حماس وہ اسلامی گروپ ہے جو غزہ پر حکومت کرتا ہے اور ان کی جانب سے فضائی حملوں سے متعلق فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

11 روز جاری رہنے والی اسرائیل اور حماس کی جھڑپوں کے بعد 21 مئی کو جنگ بندی کی گئی تھی لیکن غزہ میں موجود فلسطینی وقتاً فوقتاً آتش گیر بارودی مواد سے بھرے غباروں سے سرحد پار حملے کیے گئے جو اسرائیل کے کھیتوں میں آگ لگنے کی وجہ بنے۔

فلسطینیوں کا کہنا تھا کہ آتش گیر غباروں سے حملوں کا مقصد اسرائیل پر دباؤ ڈالنا ہے کہ ساحلی محصور علاقے میں پابندیوں میں نرمی کی جائے جن میں مئی میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران سختی کی گئی تھی۔