ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ارشد ندیم نے کہا کہ فائنل میں اچھا پرفارم کر کے اپنی قوم کا سر فخر سے بلند کروں گا اور اگر میدان آباد کیے جائیں تو ملک میں مزید ارشد ندیم پیدا ہوں گے۔
ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بہترین کھیل پی کرتے ہوئے ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا اور پاکستان کی تاریخ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے اور اب ان کا فائنل مقابلہ 7 اگست کو ہو گا۔
ارشد ندیم نے بھرپور سپورٹ کرنے پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں خوش نصیب ہوں کہ پوری پاکستانی قوم نے میرے لیے دعا کی ہے اور میں اپنے کوچ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے کوچ فیاض حسین بخاری کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے دن رات محنت کر کے مجھے اس مقام تک پہنچایا ہے، انہوں نے مجھے محنت کرائی اور آج اس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔