بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے دو روز بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا ہے۔
یہ وضاحت بھارت کے اقوام متحدہ کے سفیر ٹی ایس تیرومورتی کے اس بیان کے بعد سامنے آئی کہ متنازع ریاست اب بھارت کا ایک اٹوٹ انگ ہے۔
نیو یارک میں بدھ کی سہ پہر نیوز بریفنگ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفنے ڈوجررک سے سوال کیا گیا کہ 70 سال سے زیادہ پرانے اس تنازع پر اقوام متحدہ کا مؤقف کیا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ‘کشمیر پر ہماری پوزیشن قائم ہے اور تبدیل نہیں ہوئی ہے، میں یہ بات اسی پر ختم کروں گا’۔
جب صحافی نے ان سے اس مسئلے پر اقوام متحدہ کے مؤقف کو دوہرانے کو کہا تو انہوں نے کہا کہ ‘آپ اسے متعلقہ قراردادوں میں پائیں گے، میں اسے دہرانے والا نہیں ہوں لیکن ہمارے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہے’۔