کراچی: اسلام آباد میں ہونے والی ہوش ربا بارش کو بادل پھٹنے یعنی کلاؤڈ برسٹ سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ لیکن لوگ یہ جاننے کے خواہشمند ہیں کہ کلاؤڈبرسٹ کسے کہتے ہیں۔
دوسری جانب انسائیکلوپیڈیا بریٹانیکا کے مطابق کلاؤڈ برسٹ مقامی واقعہ ہوتا ہے، جو مختصر وقفے کے لیے رونما ہوتا ہے اور گرج چمک اور شدید برقی یا بجلی کی سرگرمی کی وجہ بنتا ہے۔ اس میں عموماً بادل کے نیچے کی ہوا اوپر اٹھتی ہے اور پانی کے قطروں کو کچھ دیر گرنے سے روکتی ہے۔ اب جیسے ہی ہوا کا دباؤ کم ہوتا ہے پانی کی بڑی مقدار بادل سے گرتی ہے اور یوں بادلوں کا پانی گویا اس طرح بہتا ہے کہ بالٹی الٹ دی گئی ہے۔
یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ کلاؤڈ برسٹ کے زیادہ ترواقعات پہاڑی علاقوں میں رونما ہوتے ہیں۔ جب پانی کی بڑی مقدار نیچے گرتی ہے تو سیلابی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے اور اس کے بہاؤ میں آبادی اور فصلوں کا بہت نقصان ہوسکتا ہے۔ محمکہ موسمیات کے مطابق اگر کسی علاقے میں ایک گھنٹے میں 200 ملی میٹر بارش ہوجائے تو اسے کلاؤڈبرسٹ کہا جاسکتا ہے۔
آج اسلام آباد کا ای الیون علاقہ شدید بارشوں کی زد میں آگیا اور وہاں لوگوں نے موسلا دھار برسات کو بادل پھٹنے سے تعبیر کیا ہے لیکن محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں کلاؤڈ برسٹ کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔
محکمہ موسمیات نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ 28 جولائی 2021 بروز بدھ کو صبح ساڑھے چار سے سات بجے کے درمیان، سید پور میں 123 ملی میٹر، گولڑہ میں 101 ملی میٹر، بوکرہ میں 19 ملی میٹر، شمس آباد میں 29 ملی میٹر اور چکلالہ میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔