دوطرفہ کاروبار کے فروغ کیلئے پاکستان، بحرین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

129

پاکستان اور بحرین نے معاشی نمو اور کاروباری ہم آہنگی کے لیے مشترکہ طور پر کام کر کے دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کردیے۔

ماناما میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے دوسرے اجلاس کے اختتام پر بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) اور بحرینی اکنامک ڈیولپمنٹ بورڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ ایم او یو 2 سال تک قابل عمل رہے گی اور دونوں فریقین کی منظوری سے اس کی تجدید کی جاسکے گی۔

بحرین اکنامک ڈیولپمنٹ کے چیف ایگزیکٹو افسر خالد ابراہیم حمیدان اور بی او آئی کے ڈائریکٹر جنرل جمیل احمد قریشی نے اپنی، اپنی حکومتوں کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

بی او آئی کے مطابق ایم او یو میں جن شعبوں پر خاص توجہ دی گئی ہے، ان میں مینوفیکچرنگ، سیاحت، لاجسٹکس، انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجی، مالیاتی خدمات، صحت، تعلیم اور ہنر مندی کی تربیت شامل ہے۔

مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں پاکستان اور بحرین کے وزرائے خارجہ نے اپنے اپنے وفود کی سربراہی کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.