عالمگیر وبا نے 4 لاکھ 56 ہزار انسانوں کی جانیں نگل لیں

340

کراچی: نئے وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا نے 213 ممالک میں 4 لاکھ 56 ہزار 458 انسانی جانیں نگل لیں، وائرس سے اب تک 85 لاکھ 86 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کرونا وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا بھر میں 5 ہزار 123 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 45 لاکھ 35 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 747 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 120,688 ہو گئی ہے، جب کہ 22 لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 27 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 9 لاکھ 31 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 16 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 31,092 ہلاکتیں ہوئیں اور4 لاکھ 8 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

برازیل وہ افریقی ملک ہے جہاں کرونا سے ہلاکتوں میں اضافہ یورپ میں ہلاکتیں کم ہونے کے بعد ہوا، اس نے ہلاکتوں میں فرانس، اسپین اور اٹلی کے بعد برطانیہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ہلاکتوں، کیسز کی تعداد میں دوسرا سر فہرست ملک بن چکا ہے، جہاں ہلاکتیں بڑھ کر 47,869 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 9 لاکھ 83 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برازیل میں 1,204 ہلاکتیں ہوئیں۔