ممبئی: میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت نے جاوید اختر ہتک عزت کیس میں اداکارہ کنگنا رناوت کو آخری مہلت دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آج ممبئی میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف جاوید اختر کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں دونوں کے وکلا پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت مجمسٹریٹ آر آر خان نے کی۔
کنگنا رناوت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اداکارہ اس وقت ملک سے باہر ہیں اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکیں۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کنگنا رناوت کی غیرحاضری کی درخواست کو منظور کیا جائے۔
مجمسٹریٹ آر آر خان نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد کنگنا رناوت کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت پر کنگنا رناوت عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئیں تو قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیں گے۔