کراچی: فنکاروں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے سفرِحج کی خوبصورت یادیں تصاویر کی شکل میں شیئر کی ہیں۔
دنیا بھر میں پھیلی کورونا وبا کے باعث رواں سال 60 ہزار خوش قسمت عازمین نے حج ادا کیا۔ حج کے موقع پر پاکستانی فنکاروں نے اپنے سفرِ حج کے دوران کی خوبصورت یادیں اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس وقت کو یاد کیا جب انہوں نے بیت اللہ شریف میں حج ادا کیا تھا۔
عائزہ خان نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اور اپنے شوہر دانش کی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی جو 2019 میں اس موقع پر لی گئی تھی جب وہ دونوں حج کرنے گئے تھے۔ عائزہ خان نے حج کو زندگی کا سب سے خوبصورت سفر قرار دیتے ہوئے کہا ’’اللہ تعالیٰ آپ کا شکر ہے ہمیں حج کرنے کی توفیق دی‘‘۔
گلوکار عاصم اظہر نے بھی حج کے موقع پر لی گئی اپنی ایک پرانی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور لوگوں کو حج کی مبارکباد دی۔ انہوں نے دعا کی ہر انسان کو دنیا کی اس خوبصورت جگہ پر جانے کا موقع ملے آمین۔ انہوں نے مزید لکھا تصویر پرانی ہے، دعا کریں پھر سے موقع ملے انشا اللہ۔
پاکستان ٹی وی کی سینئر اداکارہ روبینہ اشرف نے 2019 میں اپنے شوہر کے ہمراہ حج کی سعادت حاصل کی تھی۔ انہوں نے بھی حج کے موقع پر لی گئی ایک پرانی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور حج کے دوران کی خوبصورت یادیں شیئر کیں۔