کورونا کے مریضوں پر ہائیڈروکسی کلوروکوئن کا استعمال ،عالمی ادارہ صحت نے بڑا اعلان کردیا

313

جنیوا : عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے علاج کیلئے ملیریا ڈرگ ہائیڈروکسی کلوروکوئن پر ٹرائل  روکنے کا اعلان کردیا اور کہا اس دوا کے استعمال سے COVID-19 مریضوں کی اموات میں کمی نہیں آئی.

تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے ہائیڈروکسی کلوروکوین پر تحقیق روک دی، ہائیڈروکسی کلوروکوین کی آزمائش ختم کرنے کا فیصلہ ٹرائل کے ڈیٹا اور ایک تحقیق کے نتائج کے بعد کیا گیا جن میں کہا گیا تھا کہ یہ دوا کورونا وائرس کے علاج کے لیے مؤثر نہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مطالعات کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ “ہائیڈروکسی کلوروکوین کی وجہ سے اسپتال میں داخل COVID-19 کے مریضوں کی اموات میں کمی نہیں آئی۔

عالمی ادارے کی میڈیکل آفیسر اینا ماریا ہینو ریسٹریپو نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف اس دوا کے مددگار ہونے کی توقعات لگ بھگ ختم ہوگئی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے مزید کہا وہ مریض جنہوں نے پہلے ہی ہائیڈروکسی کلوروکوین شروع کردی تھی اور اپنا کورس مکمل نہیں کیا ہے وہ اپنا کورس مکمل کرسکتے ہیں تاہم نگران معالج کی تجویز پر اس کا استعمال روکا جا سکتا ہے۔”

یاد رہے گذشتہ ہفتے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ہنگامی صورت میں کورونا مریضوں کے لیے ہائیڈروآکسی کلوروکوئن کےاستعمال کا اختیار واپس لے لیا تھا ، کیونکہ ایف ڈی اے نے کہا تھا کہ نئے شواہد کی بنیاد اس بات پر یقین نہیں کیا جاسکتا کہ ہائڈروکسی کلوروکین اور اس سے متعلقہ دوا کلوروکین کورونا کے علاج میں موثر ہوسکتی ہے۔

اس سے قبل عالمی ادارہِ صحت نےحفاظتی خدشات کے پیشِ نظر کورونا کے علاج کیلئے ہائیڈروکسی کلوروکوئن کےتجربات معطل کردئیے تھے۔