افغانستان: جنرل اسکاٹ ملر نے فوج کی کمان جنرل کینتھ میکنزی کے حوالے کردی

249

کابل: امریکی اور نیٹو افواج کے سربراہ جنرل اسکاٹ ملر نے فوج کی کمان جنرل کینتھ میکنزی کے حوالے کردی ہے۔ وہ افغانستان میں امریکی و نیٹو افواج کے سربراہ کے طور پر فرائض سر انجام دے رہے تھے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی اور مؤقر امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی فوج کی کمانڈ میں تبدیلی ایک ایسے وقت میں آئی ہے کہ جب امریکہ سمیت دیگر غیر ملکی افواج کا افغانستان سے انخلا ہو رہا ہے اور افغان طالبان کی پیش قدمی میں نہایت تیزی آچکی ہے۔

ایک اور عالمی خبر رساں ایجنسی نے اس ضمن میں دعویٰ کیا ہے کہ فوج کے نئے کمانڈر جنرل کیتھ میکنزی فلوریڈا میں سینڑل کمانڈ کے ہیڈکوارٹرز سے فوج کی کمانڈ کریں گے۔

جنرل میکنزی کی کمانڈ میں امریکی فوج ممکنہ طور پر افغان فوج کی مدد کے لیے کم از کم 31 اگست تک فضائی حملے کرے گی جب امریکہ کا انخلا مکمل ہوگا۔

امریکی فوج کے کمانڈ سے دستبردار ہونے والے جنرل ملر 2018 سے افغانستان میں تھے۔ رواں سال مئی میں امریکی صدر جو بائیڈن جو کہ امریکی افواج کے کماندڑ انچیف بھی ہیں، نے انہیں افغانستان سے امریکی فوجیوں کے مکمل انخلا کا ٹاسک سونپا تھا جو کہ اگست میں مکمل ہوگا۔