طالبان نے وسطی افغانستان کے شہر غزنی کا گھیراؤ کر لیا ہے اور افغان سیکیورٹی فورسز سے لڑائی کے لیے شہریوں کے گھروں میں گھس کر مورچے بنا لیے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق یہ طالبان کا صوبائی دارالحکومت پر تازہ ترین حملہ ہے جہاں انہوں نے سیکیورٹی فورسز پر دباؤ مزید بڑھاتے ہوئے شہر کا گھیراؤ کر لیا ہے کیونکہ غیرملکی افواج کے جانے کے بعد ان کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں۔
غزنی کی صوبائی کونسل کے رکن حسن رضائی نے کہا کہ غزنی شہر کی صورتحال انتہائی نازک ہے، طالبان شہریوں کے مکانات کو اپنے ٹھکانے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے افغان سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کررہے ہیں جس سے سیکیورٹی فوسرز کے لیے طالبان کے خلاف کارروائی کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔
اپریل میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ 11 ستمبر تک امریکی افواج کا افغانستان سے انخلا مکمل ہو جائے گا جس کے ساتھ ہی 20سال تک جاری رہنے والی امریکی تاریخ کی طویل ترین بھی اختتام پذیر ہو جائے گی۔