جی 20 ممالک کے وزرا نے عالمی ٹیکس اصلاحات کی توثیق کردی

235

وینس: جی 20 کے وزرائے خزانہ نے ملٹی نیشنل (کثیر الاقوامی) کمپنیوں پر زیادہ منصفانہ طریقے سے ٹیکس عائد کرنے کے حوالے سے ‘تاریخی’ عالمی معاہدے کی حمایت کردی اور دیگر ممالک سے بھی معاہدے پر دستخط کرنے کی اپیل کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ 131 ممالک نے کم از کم 15 فیصد کارپوریٹ ٹیکس سمیت بین الاقوامی ٹیکس اصلاحات پر اتفاق کیا تھا۔

تاہم دنیا کی 19 بڑی معیشت رکھنے والے ممالک اور یورپی یونین کی طرف سے اس کی توثیق سے سالوں کے مذاکرات کے بعد اسے حقیقت میں تبدیل کرنے کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

جی 20 کے حتمی بیان میں کہا گیا کہ ‘کئی برس کی بات جیت اور گزشتہ برس ہونے والی پیشرفت کے بعد ہم بین الاقوامی ٹیکس ڈھانچے کو مزید مستحکم اور منصفانہ بنانے کے لیے تاریخی معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم کثیر الاقومی کاروباری اداروں کے منافع کی تقسیم اور موثر عالمی کم از کم ٹیکس کے دونوں ستونوں کے کلیدی اجزا کی حمایت کرتے ہیں۔

فرانسسی وزیر خزانہ برونو لی مائرے نے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکس کی اصلاح کا اس صدی کا واحد موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پیچھے ہٹنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، ہم مالی دوڑ کو ختم کر رہے ہیں اور بڑے ڈیجیٹل ادارے اب منصفانہ ٹیکسز ادا کریں گے۔