مادھوری ڈکشٹ کی مسلمان اداکارہ کیلئےلاکھوں روپے کی امداد

296

ممبئی: بالی ووڈ کی ڈانسنگ کوئین مادھوری ڈکشٹ نے بھارتی ٹی وی کی نامور مسلمان اداکارہ شگفتہ علی کی مدد کے لیے لاکھوں روپے کی امداد دی ہے۔

چند روز قبل بھارتی ٹی وی کی سینئر اداکارہ شگفتہ علی کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں خبر چلی تھی کہ گزشتہ 36 برس سے بھارتی شوبز انڈسٹری کے لیے اپنی خدمات دینے والی شگفتہ علی پچھلے چار برسوں سے کام نہ ہونے کی وجہ سے پائی پائی کی محتاج ہوگئی ہیں۔

اداکارہ شگفتہ علی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ صحت کے مسائل سے بھی دوچار ہیں جس کی وجہ سے ان کی زندگی بہت مشکل ہوگئی ہے۔ گزشتہ چار برسوں سے انہیں انڈسٹری میں بہت کم کام مل رہا ہے اور یہ چار سال ان کی زندگی کے بدتر سال رہے ہیں۔ یہاں تک کہ انہیں گزارا کرنے کے لیے اپنے استعمال کی بہت ساری چیزیں بیچنی پڑیں اور اب تو حالت یہ ہوگئی ہے کہ ان کے پاس بیچنے کے لیے بھی کچھ نہیں بچا۔