ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی سے آسٹریلیا بیزار، نیوزی لینڈ تیار

286

سڈنی / ویلنگٹن: 

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی سے آسٹریلیا بیزار،نیوزی لینڈ تیار ہے، آسٹریلوی بورڈ نے شوپیس ایونٹ کے شیڈول پر انعقاد کو غیرحقیقی قرار دے دیا، چیئرمین ارل ایڈنگز نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں ٹورنامنٹ منعقد کرنا بہت ہی مشکل ہوگا، دوسری جانب نیوزی لینڈ کے وزیر کھیل گرانٹ روبرٹسن نے کہاکہ ہم اپنے ملک میں مقابلے کرا سکتے ہیں مگر حتمی فیصلہ آئی سی سی کوکرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ رواں برس  18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اس پر غیریقینی کے سائے لہرا رہے ہیں،اس کے مستقبل کا حتمی فیصلہ آئندہ ماہ متوقع ہے، میزبان آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی بھی اس سال میزبانی میں دلچسپی کم ہورہی ہے،اس کی ساری توجہ سال کے آخر میں بھارت سے ہوم سیریز پر مرکوز ہے جس سے اسے300 ملین ڈالر کی آمدنی ہونا ہے۔

اس لیے وہ آئی پی ایل کیلیے ورلڈ کپ کا التوا چاہنے والے بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی ناراض نہیں کرنا چاہتا۔ اب ایک بار پھر کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین  ایرل ایڈنگز کی جانب سے ایونٹ کے وقت پر انعقاد کو غیرحقیقی قرار دیا گیا ہے،انھوں نے کہا کہ اگرچہ ابھی تک باضابطہ طور پر ورلڈ کپ کو ملتوی یا منسوخ نہیں کیا گیا تاہم موجودہ صورتحال میں 16  ٹیموں کو آسٹریلیا میں جمع کرنا غیرحقیقی یا بہت زیادہ مشکل ہے کیونکہ بہت سے ممالک میں بدستور کورونا وائرس پھیل رہا ہے، اس حوالے سے آئی سی سی کی بھی میٹنگز ہورہی ہیں اور صورتحال کے تحت ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے چیف اور کرکٹ آسٹریلیا کے عبوری چیف نک ہوکلے نے کہاکہ مقامی آرگنائزنگ کمیٹی بدستور تیاریوں میں مصروف اور جو بھی فیصلہ آیا اس کیلیے تیار ہوگی۔