پورٹ اپرنس: پولیس نے ہیٹی صدر کے قتل میں ملوث 4 افراد کو ہلاک اور 2 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ہیٹی صدر کو قتل کرنے والے 4 حملہ آوروں کو ہلاک اور 2 کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ہیٹی پولیس کے سربراہ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کے تعاقب میں تھیں تاہم گزشتہ روز ایک مقابلے کے دوران 4 افراد کو ہلاک اور 2 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہیٹی میں نامعلوم مسلح افراد نے صدر جووینل موئس کے گھر پر حملہ کرکے صدر کو قتل کردیا تھا جب کہ گولیاں لگنے سے خاتون اوّل شدید زخمی ہوگئی تھیں۔