تنازعات کے باعث دنیا کو خطرات کا سامنا ہے، چینی صدر شی جن پنگ

255

چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت کورونا وائرس جیسی عالمی وبا، ماحولیاتی تبدیلیوں اور تنازعات کے باعث خطرات کا سامنا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی چائنہ اور عالمی سیاسی جماعتوں کی سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ہمیں دہشت گردی جیسے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی معاملات میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چائنہ کمیونسٹ پارٹی عوامی فلاح وبہبود، امن اور برابری کے ایجنڈے کو لے کر آگے بڑھتی رہے گی۔

چینی صدر نے کہا کہ دوسرے ملکوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کوناکامی ہوگی، ہمیں ترقی کے عمل میں ہمیں ترقی پذیر اور غریب ملکوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ ہم انصاف، برابری اور مشترکہ ترقی کے عالمی نظام پر یقین رکھتے ہیں۔

شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ہم دنیا میں ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں ہر ملک کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ سیاسی جماعتوں پر انسانوں کا مستقبل سنوارنے کے حوالے سے بھاری ذمہ داریاں ہیں۔