غیر ملکی ٹیمیں ٹوکیو اولمپک میں شرکت کے لئے جاپان پہنچنا شروع

253

جاپان میں 23 جولائی کو شروع ہونے والے ٹوکیو گیمز سے قبل بہت سی غیر ملکی اولمپک ٹیمیں جاپان پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔

جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق حکومت جاپان کا کہنا ہے کہ 18 ممالک اور علاقہ جات کی اولمپک ٹیموں کے تقریباً 400 ارکان کی ملک میں آمد متوقع ہے۔

ٹوکیو کے قریب ناریتا ہوائی اڈے، ٹوکیو میں واقع ہانیدا ہوائی اڈے یا ناگویا کے قریب چُوبُو ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد یہ ٹیمیں ملک بھر میں اُن مقامات کا رخ کریں گی جہاں کھیلوں سے قبل اِن کے کیمپ منعقد ہونا ہیں۔

گزشتہ روز امریکہ کی باکسنگ ٹیم کے 20 ارکان ناریتا پہنچے۔ انہوں نے کورونا وائرس انفیکشن سے بچنے کی کوشش میں ہوائی اڈے کے دیگر استعمال کنندگان کے رابطے میں آئے بغیر، داخلے کے طریقہ کار کے لئے مختص گزرگاہ کو استعمال کیا۔

برطانیہ سے کشتی رانی کی ایک ٹیم ہانیدا پہنچی اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ کاناگاوا پریفیکچر میں اپنے میزبان قصبے ’ہایاما‘ میں قیام کرے گی۔جاپانی حکام پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ بہت سی غیر ملکی ٹیموں کی آمد کے تناظر میں سرحدوں پر کنٹرول سمیت مختلف اقدامات کو استعمال کرتے ہوئے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پائیں۔