ویکسین کی فراہمی پاک-امریکا تعلقات کی پائیداری کا مظہر ہے، ٹونی بلنکن

310

واشنگٹن: امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکوں کی فراہمی پاکستان کے ساتھ امریکا کی ‘پائیدار دوستی’ اور کووِڈ 19 کے خلاف لڑائی میں تعاون کا مظہر ہے۔

امریکی حکام کی جانب سے ویکسینز اسلام آباد میں حکام کے حوالے کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد امریکی سیکریٹری نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ‘ہم دنیا بھر میں اس عالمی وبا کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

رواں برس مئی میں پاکستان کو امریکی حمایت سے چلنے والے اقوامِ متحدہ کے پروگرام کوویکس کے تحت ایسٹرازینیکا ویکسین کی 12 لاکھ خوراکیں موصول ہوئی تھیں۔

بعدازاں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور انجیلا پی ایگیلر نے میڈیا کو بتایا تھا کہ مستقبل میں واشنگٹن مزید (ویکیسنز) بھیجے گا۔

واشنگٹن میں امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا تھا کہ یہ ‘فراہمی پاکستانی عوام کے ساتھ ہمارے تعلقات اور جتنے زیادہ افراد کو جتنی جلد ممکن ہو ویکسینیٹ کر کے عالمی وبا کو شکست دینے کے عزم کو واضح کرتی ہے’۔