آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ کی متحدہ عرب امارت منتقلی کی تصدیق کردی

260

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹی20 ورلڈ کپ کی منتقلی کے اعلان کے ایک دن بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی ٹی20 ورلڈ کپ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ٹورنامنٹ کو منتقل کردیا گیا ہے۔

کرک انفو کے مطابق ٹورنامنٹ کے کوالیفائرز 17 اکتوبر سے عمان اور ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل 14 نومبر کو متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ یہ 5 سال کے بعد منعقد ہونے والا پہلا ٹی 20 ورلڈ کپ ہو گا جہاں اس سے قبل 2016 میں بھارت میں منعقدہ عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو فائنل میں شکست دے کر ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

گزشتہ سال ٹی20 ورلڈ کپ کو آسٹریلیا میں منعقد ہونا تھا لیکن کووڈ-19 کی وجہ سے ایونٹ کو ملتوی کردیا گیا اور اب یہ ایونٹ 2022 میں ہو گا۔